بنگلورو،18؍دسمبر، (ایس او نیوز) ریاست کے کمزور طبقات سے وابستہ رعیتوں کو آبپاشی کی سہولت فراہم کرنے کے لئے رائج گنگا کلیان اسکیم میں مبینہ بے قاعدگیوں کے لئے ذمہ دار افسروں کے خلاف سخت کارروائی کی جائے گی۔ یہ اعلان آج ریاستی کونسل میں وزیر برائے سماجی بہبود پریانک کھرگے نے کیا۔
انہوں نے کہاکہ بے قاعدگیوں کی شکایت کے بعد جانچ کے لئے ایک وظیفہ یاب اڈیشنل چیف سکریٹری کی صدارت میں تحقیقاتی کمیٹی قائم کی گئی ہے۔ ساتھ ہی ریاستی لیجسلیچر کی سوشیل ویلفیر کمیٹی بھی اس اسکیم کے نفاذ میں خامیوں کی جانچ کرسکتی ہے۔ انہوں نے کہاکہ کولار ، چکبالاپور اور میسور اضلاع میں گنگا کلیان اسکیم کے نفاذ میں دھاندلیوں کی شکایات موصول ہوئی ہیں ، جانچ کے بعد تین افسروں کے خلاف کارروائی کرتے ہوئے ان کے دو سالانہ انکریمنٹ اور پرموشن روک دئے گئے ہیں جبکہ ایک کو معطل کیا گیا ہے، ایک کو ملازمت سے برطرف کردیاگیاہے۔مزید دو افسروں کے خلاف تحقیقات جاری ہیں۔ انہوں نے کہاکہ ایسے اور بھی اگر معاملے ہیں اور حکومت کے علم میں لائے جائیں تو حکومت ان پر بھی کارروائی کے لئے تیار ہے۔
وزیر موصوف کے اس بیان سے غیر مطمئن اپوزیشن بی جے پی نے یہ مطالبہ کرتے ہوئے کہ معاملے کی جانچ کے لئے مشترکہ ایوان کمیٹی تشکیل دی جائے ۔ چیرمین کے سامنے آکر دھرنا شروع کردیا، اس مرحلے میں چیرمین پرتاب چندر شٹی نے کارروائی آدھے گھنٹے کے لئے ملتوی کردی، دوبارہ جب کارروائی شروع ہوئی تو دھرنا جاری رہا۔ اس مرحلے میں اپوزیشن لیڈر کوٹا سرینواس پجاری نے اس مسئلے پر ایوان میں آدھا گھنٹہ بحث کرانے کی مانگ کی جس سے متعلقہ وزیر نے اتفاق کرلیا۔ اس کے بعد اپوزیشن نے اپنا دھرنا ختم کیا اور کارروائی جاری رہی۔